اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکریٹری نیز علی، سیکریٹری فنانس وقار عباس اور کابینہ کے دیگر ارکان نے روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف خبروں کی اشاعت پر مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور بے بنیاد ایف آئی آر کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
نیشنل پریس کلب کے کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر میں چیف ایڈیٹر عامر محبوب، گروپ ایڈیٹر راجہ کفیل احمد، ایڈیٹر شہز اور اٹھور سمیت دیگر صحافتی عملے کو بھی ملزم قرار دیا گیا ہے۔ نیشنل پریس کلب نے اس ایف آئی آر کو ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال، آزادی صحافت پر حملہ اور تنقیدی آوازوں کو دبانے کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
نیشنل پریس کلب کا مطالبہ ہے کہ روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف ایف آئی آر فوری طور پر واپس لی جائے اور دیگر صحافتی اداروں جیسے روزنامہ سٹیٹ ویوز، سٹیٹ ویوز ڈی کھیل، روزنامہ دی کو ٹلینز اور ڈیلی فریڈم پوسٹ پر عائد معاشی پابندیاں بھی ختم کی جائیں۔ ساتھ ہی صحافیوں کو آزادانہ پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی کی مکمل ضمانت دی جائے۔
مزید پڑھیں: نیشنل پریس کلب کا خواتین صحافیوں کے لیے عید فیسٹیول، کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد
نیشنل پریس کلب کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر ایک حساس علاقہ ہے، اور اس کی وجہ سے تمام سیاسی جمہوری جماعتوں، بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن، سے درخواست کی ہے کہ وہ جعلی مقدمے کی واپسی اور حکومت کو صحافیوں کے معاشی قتل سے باز رکھنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اگر حکومت نے ایسے آمرانہ ہتھکنڈے بند نہ کیے تو نیشنل پریس کلب سڑکوں پر آ کر احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔