بدھ,  16 اپریل 2025ء
روزنامہ جموں کشمیر کے خلاف رینجر فورس کے قیام کی خبر پر مقدمہ درج، صحافتی آزادی پر حملہ

مظفرآباد(روشن پاکستان نیوز)  آزاد کشمیر میں مقامی اخبار “روزنامہ جموں کشمیر” کے خلاف حکومت نے مقدمہ درج کیا ہے، جس میں اخبار کی جانب سے رینجر فورس کے قیام کے حوالے سے شائع کردہ خبر کو جھوٹی قرار دیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ اخبار نے 26 اور 28 مارچ کو ایک خبر شائع کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آزاد کشمیر کابینہ نے 1000 افراد پر مشتمل رینجر فورس کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد پولیس کی استعداد کار کو بڑھانا ہے۔

مقدمے کی درخواست وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسر خالد اقبال لون کی طرف سے دی گئی تھی، جس میں کہا گیا ہے کہ اخبار نے اس خبر کو بار بار شائع کیا اور اس کے ڈیجیٹل چینل پر بھی اس کا تذکرہ کیا، جس سے حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور عوام میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ ایف آئی آر کے مطابق یہ خبر بے بنیاد اور جھوٹی تھی، اور اس کا مقصد ریاست کے خلاف عوام میں نفرت پیدا کرنا اور بغاوت کو ہوا دینا تھا۔

مقامی صحافتی تنظیموں نے اخبار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سخت مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔ اس مقدمے میں اخبار کی انتظامیہ کے خلاف دفعات 501، 489، 504، 500 اور 505 کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج، پیکا ایکٹ اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کی دفعات شامل

مزید خبریں