اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) نیشنل پریس کلب ویمن جرنلسٹس کاکس اور کیپٹل پریمیئر لیگ کے اشتراک سے خواتین صحافیوں کے لیے تیسرا ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ 6 اپریل بروز اتوار مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ یہ ایک منفرد اور دلچسپ سپورٹس ایونٹ ہے جس کا مقصد خواتین صحافیوں کی حوصلہ افزائی اور صحتمندانہ سرگرمیوں کے ذریعے ان کے لیے خوشیوں کا اہتمام کرنا ہے۔
ٹورنامنٹ میں تقریباً بائیس ممالک کے سفراء بھی شریک ہوں گے جو اس ایونٹ کو مزید بین الاقوامی سطح پر اہمیت دیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کسی بھی پریس کلب کا واحد اور انوکھا سپورٹس ایونٹ ہے جس میں خواتین صحافی بریکنگ نیوز دینے کے بجائے چوکے چھکے لگائیں گی اور وکٹیں گرائیں گی۔
ٹورنامنٹ کا آغاز دوپہر بارہ بجے ہو گا اور فائنل میچ شام ساڑھے چار بجے کھیلا جائے گا، جس کے بعد انعامات کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوگی۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور 50 ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ہر کھلاڑی کے لیے پانچ پانچ ہزار روپے کے انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔ مزید برآں، قرعہ اندازی کے ذریعے بیش قیمت گفٹس بھی ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔
اس موقع پر نیشنل پریس کلب کی انتظامیہ نے اظہر جتوئی، نیر علی، وقار عباسی اور پوری ٹیم کو خواتین صحافیوں کی حوصلہ افزائی اور اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس خواتین صحافیوں کو نہ صرف کھیل کے میدان میں لاتے ہیں بلکہ ان کے حقوق اور ان کی محنت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: نیشنل پریس کلب کے رمضان فیملی فیسٹیول میں “اپنا بازار” کے فری شاپنگ واؤچرز کی قرعہ اندازی
یہ ایونٹ خواتین صحافیوں کے لیے ایک یادگار لمحہ بنے گا اور ان کے لیے خوشی اور سکون کا باعث بنے گا، جس سے وہ اپنے کام کے ساتھ ساتھ اپنے جسمانی اور ذہنی سکون کو بھی بہتر بنا سکیں گی۔