اتوار,  06 اپریل 2025ء
ڈاکٹر خالد سلہری اسلام آباد میں شدید کار حادثے میں زخمی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان ہیومن رائٹس پارٹی کے چیئرمین اور آئی ایچ آر او کے بانی صدر ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری آج اسلام آباد میں ایک شدید کار حادثے میں زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ F-10 چوک کے قریب G-9/G-10 کی طرف جانے والی سڑک پر پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق تین موٹر سائیکل سوار غلط سائیڈ سے سڑک کراس کر رہے تھے، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ سڑک زیر تعمیر ہے اور موٹر سائیکل سواروں نے غیر قانونی طریقے سے سڑک کراس کرلی، جو کہ جان لیوا راستہ بنتا جا رہا ہے۔ اس حادثے میں ڈاکٹر خالد سلہری شدید زخمی ہو گئے اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹر خالد سلہری کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے، تاہم حادثے کے باعث سڑک کی موجودہ حالت اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سڑکوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔

پاکستان ہیومن رائٹس پارٹی اور آئی ایچ آر او کے عہدیداروں نے ڈاکٹر خالد سلہری کی صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں