اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – عید الفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لیے مسافروں کی بڑی تعداد اسلام آباد کے مختلف بس اڈوں پر موجود ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے مسافروں کی شکایات کے فوری حل کے لیے فیض آباد بس اڈے کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے بسوں میں جا کر مسافروں سے کرایوں اور ٹکٹوں کی تصدیق کی اور ان سے کرایہ نامے کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ عرفان میمن نے بتایا کہ جمعہ سے ہی مسافروں کی واپسی شروع ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں جمرات کو خصوصی ٹیمز تشکیل دی گئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام بس اڈوں پر مجسٹریٹس اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی بس اڈے پر زائد کرائے وصول کرنے کی شکایت پر فوراً کارروائی کی جا سکے۔ اب تک 4 بسوں کو زائد کرایے وصول کرنے پر بند کیا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں: دہشتگردی کا خاتمہ اور امن و امان کی بحالی ، خیبر پختونخوا حکومت نے ایکشن پلان تیار کر لیا
ڈی سی اسلام آباد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی بس اڈے پر زائد کرایے وصول کیے جائیں تو فوری طور پر شکایات درج کرائیں۔ شکایات کے نمٹانے کے لیے ایک کمپلینٹ نمبر بھی جاری کیا گیا ہے، جس پر آنے والی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔
اس اقدام سے عید کے دنوں میں مسافروں کی مشکلات کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے گھروں تک آسانی سے پہنچ سکیں۔