اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کا افتتاح کر دیا، انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے۔
پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ہب سے نوجوان اسکالرشپ،کھیل اورآئی ٹی میں آگے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن منفرد خوشی کا دن ہے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم، صحت اور نوجوانوں کیلئے ترجیحی اقدامات کئے، نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی، ووکیشنل ٹریننگ دی جائے تو یہ ملک کا سرمایہ بنیں گے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب میرٹ کی بنیاد پر 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلباء میں مفت تقسیم کئے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں اے آئی کا نام و نشان نہیں تھا مگرلیپ ٹاپ اورآئی فون تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کی دنیا جدید ترین ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے، اگر مختلف ملک تیل، گیس اور معدنیات سے مالا مال ہیں تو کروڑوں نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں پر کروڑوں، اربوں روپے نچھاور کریں گے، سرمایہ نچھاور کریں گے تو پاکستان دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک بنے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیا ہے، ہمارے ٹریننگ سینٹرز میں بہترین ٹرینرز آنے چاہئیں، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں بہترین ہنر سے نوازیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آخری دم تک نوجوانوں کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا۔
مزید پڑھیں: روسی صدر پیوٹن کو میرے علاوہ اور کوئی نہیں روک سکتا، ٹرمپ
وزیراعظم نے کہا کہ دعاہے آئی ایم ایف کایہ پروگرام آخری ہو،آئی ایم ایف پروگرام سے قومیں ترقی نہیں کرتیں،ہم نے قرضے کی زندگی کووقار کی زندگی میں بدلناہے، 77 سالوں میں ہمارے قرضے بہت بڑھ چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ آخری حد تک قرضوں سے نجات دلاؤں گا۔