هفته,  29 مارچ 2025ء
نیشنل پریس کلب کے رمضان فیملی فیسٹیول میں “اپنا بازار” کے فری شاپنگ واؤچرز کی قرعہ اندازی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل پریس کلب میں ہر سال کی طرح اس بار بھی رمضان فیملی فیسٹیول کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں کے اہل خانہ اور بچوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس رنگا رنگ تقریب میں نہ صرف تفریحی سرگرمیاں رکھی گئیں بلکہ خصوصی قرعہ اندازی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں تیس خوش نصیب افراد کو “اپنا بازار” کی جانب سے چار، چار ہزار روپے کے فری شاپنگ واؤچرز دیے گئے۔

قرعہ اندازی کی اس تقریب میں وزیر مملکت برائے کھیل داس کوہستانی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی اور کپڑا گروپ کے سی ای او کرنل ریٹائرڈ ٹی کے بنگش نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری نیئر علی نے خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا جس پر شرکاء نے خوشی سے تالیاں بجائیں۔

“اپنا بازار” کمرشل مارکیٹ راولپنڈی کے بنت زمان پلازا میں واقع ہے اور یہ کپڑا گروپ ڈویلپرز کا ایک اہم پراجیکٹ ہے۔ یہاں بچوں، خواتین اور مردوں کے ملبوسات کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اشیاء کی وسیع رینج دستیاب ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کپڑا گروپ ڈویلپرز کے سی ای او کرنل ریٹائرڈ ٹی کے بنگش نے شرکاء کو بتایا کہ ان کی کمپنی جدید رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کے شعبے میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ان کا بڑا منصوبہ “کپڑا سینٹر” بحریہ ٹاؤن فیز 4 میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جبکہ دیگر منصوبوں میں شیفون ٹاور، خیبر دربار ریسٹورنٹ اور متعدد کمرشل و رہائشی پراجیکٹس شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: نیشنل پریس کلب نے صحافیوں کے بچوں میں رمضان و عید کی خوشیاں بانٹیں

نیشنل پریس کلب کے عہدیداران اور شرکاء نے رمضان فیملی فیسٹیول کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر کپڑا گروپ ڈویلپرز کا شکریہ ادا کیا۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کے فیملی فیسٹیولز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو تفریح اور خوشی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

کپڑا گروپ ڈویلپرز نے بھی اس خوبصورت تقریب کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مستقبل میں ایسے ایونٹس کے لیے تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں