منگل,  25 مارچ 2025ء
صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور آزادی صحافت کا فروغ ہمارا مشن ہے. مزمل شیخ / معین اللہ شاہ

کراچی (میاں خرم شہزاد) کراچی پریس کلب میں پاکستان میڈیا کونسل (رجسٹرڈ) نے معزز شخصیات کے اعزاز میں شاندار افطار ڈنر اہتمام کیا گیا. جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس خصوصی تقریب میں سابق ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ سندھ محمد سلیم خان، ڈائریکٹر انفارمیشن (کراچی) ماجد خان، سابق رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی سمیت دیگر ممتاز شخصیات کو مدعو کیا گیا۔ پاکستان میڈیا کونسل سندھ کے چیئرمین مزمل شیخ اور کراچی چیپٹر کے صدر معین اللہ شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میڈیا کونسل کا بنیادی مقصد صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور آزادی صحافت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیا کونسل میڈیا کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے اور صحافیوں کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان میڈیا کونسل کے سیکرٹری جنرل میاں خرم شہزاد نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان میڈیا کونسل ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے کونسل کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف آزادی صحافت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی کوشاں ہے۔ ڈائریکٹر انفارمیشن ماجد خان نے میڈیا کے جدید رجحانات اور چیلنجز پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں میڈیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مثبت اور تعمیری صحافت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان میڈیا کونسل کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں بھی صحافیوں کی بہتری کے لیے کام کرتا رہے گا۔ سابق ڈی جی پی آر سلیم خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میڈیا کونسل صحافیوں کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی ترقی اور استحکام کے لیے ایسے اداروں کا مضبوط ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ افطار کے بعد مہمانوں کے درمیان تبادلہ خیال ہوا، جس میں میڈیا، سیاست سماجی امور اور موجودہ ملکی حالات پر گفتگو کی گئی۔ سنیئر صحافی عارف ہاشمی، ذوالفقار احمد شیخ، ناصر احمد، ایمونویل سیموئیل گڈو، سماجی راہنما اصغر شیخ سمیت دیگر معزز شخصات نے شرکت کی. معزز مہمانوں نے پاکستان میڈیا کونسل کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کو سراہا اور اسے صحافتی برادری کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کا مظہر قرار دیا۔ تقریب کے آخر میں پاکستان میڈیا کونسل کے عہدیداران نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ صحافیوں، انفارمیشن ڈیپاٹمنٹ اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کے درمیان مثبت مکالمے کو فروغ دیا جاسکے۔

مزید خبریں