راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں نے صحافیوں کے بچوں میں رمضان المبارک کی برکتیں اور عید کی خوشیاں تقسیم کر کے ایک بار پھر اپنی روایت کو برقرار رکھا۔ صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیر علی اور فنانس سیکرٹری وقار عباسی کی قیادت میں پریس کلب کی ٹیم نے مشکل حالات کے باوجود یہ تقریب کامیابی سے منعقد کی، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
پریس کلب کے انتخابات 20 مارچ کو مکمل ہوئے تھے، جس کے بعد صحافیوں اور ان کے بچوں کی جانب سے رمضان گفٹ اور عیدی کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے۔ انتخابی مہم اور نتائج کے اعلان کے بعد عہدیدار تھکاوٹ کا شکار تھے، جبکہ کئی بچوں نے اپنے والدین کو “دھمکی آمیز” پیغامات بھیجے کہ اب گھر میں افطاری اور عید کی خریداری کے لیے وقت نکالیں۔
اس کے علاوہ، پریس کلب کے پاس فنڈز کی کمی بھی ایک بڑا چیلنج تھی، جس کی وجہ سے لگ رہا تھا کہ اس سال صحافیوں کے بچے رمضان و عید کے تحائف سے محروم رہ جائیں گے۔ تاہم، نومنتخب عہدیداروں نے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ “رمضان جرنلسٹ فیملی فیسٹیول” ضرور منعقد کیا جائے گا۔
23 مارچ کو راولپنڈی پریس کلب کے لان میں سینکڑوں بچوں نے شرکت کی، جہاں تلاوت اور نعت پاک کے بعد ہر بچے کو 1,000 روپے نقد انعام دیا گیا۔ بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں دیکھ کر تمام صحافیوں نے پریس کلب کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چودھری، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اسفندیار بھنڈارا، راجہ حامد نواز، سابق ایم پی اے محمد عارف عباسی اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کر کے اسے چار چاند لگائے۔
صدر اظہر جتوئی نے کہا کہ “صحافیوں کی خدمت ہمارا فرض ہے، اور ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ان کے بچوں کی مسکراتی یادیں ہمیشہ قائم رہیں۔”