اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان فیڈریشن آف کالمسٹ (PFC) کے صدر ملک محمد سلیمان، سیکرٹری انفارمیشن پنجاب شہزاد حسین بھٹی، نائب صدر اسلام آباد عقیل احمد ترین، اقبال زرقاش، ملک محمد ممریز، فیاض احمد و دیگر عہدیداران نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی حالیہ منتخب ہونے والی باڈی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ، آزادی صحافت کے فروغ اور میڈیا کی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
ملک محمد سلیمان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد ہمیشہ سے صحافیوں کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے دفاع اور مثبت صحافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے نومنتخب صدر اظہر جتوئی، سیکریٹری نئیرعلی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی سمیت گورننگ باڈی اور ایگزیکٹو باڈی کے عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں نیشنل پریس کلب مزید فعال اور مؤثر انداز میں صحافیوں کے مسائل حل کرے گا۔
پاکستان فیڈریشن آف کالمسٹ کے دیگر مرکزی و صوبائی عہدیداران، جن میں سیکریٹری جنرل، نائب صدران اور دیگر ممبران شامل ہیں، نے بھی نیشنل پریس کلب کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر نئی قیادت پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد ہمیشہ سے اس کے لیے جدوجہد کرتا آیا ہے۔ پاکستان فیڈریشن آف کالمسٹ کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صحافیوں کے مفادات کے تحفظ اور مثبت صحافت کے فروغ کے لیے نیشنل پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔