اسلام آباد 22 مارچ 2025 – ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ (HZSL) اور زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت پاکستان بھر کے کسانوں کے لیے مالی شمولیت اور جدید زرعی خدمات کو فروغ دیا جا سکے گا۔ اس اسٹریٹجک اشتراک کا مقصد کسانوں کو جدید مالیاتی حل، زرعی میکانائزیشن کی سہولیات اور ماہر مشاورتی خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور وہ معاشی طور پر مستحکم ہو سکیں۔
اس اشتراک کے تحت، ایچ بی ایل زرعی اور زیڈ ٹی بی ایل اپنے متعلقہ پلیٹ فارمز — ’ایچ بی ایل زرعی ڈیرہ‘ اور ’زیڈ ٹی بی ایل زرعی بیٹھک‘ — کو مربوط مراکز کے طور پر استعمال کریں گے تاکہ کسانوں کو زرعی رہنمائی، مالیاتی خدمات، اور زرعی مشینری کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ زیڈ ٹی بی ایل کسانوں کو ایچ بی ایل زرعی کی خدمات حاصل کرنے کی ترغیب بھی دے گا ، جس سے پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ کے سی ای او، جناب عامر عزیز نے مالیاتی خدمات میں کسان مرکوز حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ بی ایل زرعی کا مربوط ماڈل کسانوں کو نقد ادائیگیوں کے ذریعے ان کے زرعی اجناس کی خریداری کا موقع فراہم کرتا ہے، جس سے ان کی نقدی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں اور وہ تاخیر کے بغیر اگلی فصل میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ایچ بی ایل زرعی زرعی کسانوں کو مفید مشورے، مشینری خدمات، اور زرعی مشاورت فراہم کرتا ہے،ایچ بی ایل کی مشاورت کے باعث جدید اور مؤثر ہارویسٹرز کے استعمال کے ذریعے فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات میں 15-20 فیصد تک کمی اور کسانوں کی کارکردگی میں اضافہ ممکن ہوا ہے۔
اس موقع پر، زیڈ ٹی بی ایل کے صدر اور سی ای او، جناب طاہر یعقوب بھٹی نے پاکستان کے زرعی شعبے پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری پیش کی اور زیڈ ٹی بی ایل کی چھوٹے اور محدود وسائل رکھنے والے کسانوں کی معاونت میں کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم کسان پیکج کے تحت زیڈ ٹی بی ایل نے 37 ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کیے ہیں، جن میں 12 ارب روپے زرعی مشینری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ زیڈ ٹی بی ایل کے 500 سے زائد برانچ نیٹ ورک کے ذریعے دیہی اور بینکنگ سے محروم علاقوں میں یہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زیڈ ٹی بی ایل کے اہم اقدامات میں ’زیڈ ٹی بی ایل زرعی بیٹھک‘ شامل ہے، جو کسانوں کو زرعی مشورے فراہم کرنے کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں مالیاتی خدمات اور زرعی مشورے پہنچانے کے لیے’زیڈ ٹی بی ایل موبائل وین سروس‘متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے مالیاتی شمولیت کو بڑھانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے بینکوں پر زور دیا کہ وہ بینکاری نظام میں نئے صارفین (NTB – New-to-Bank Customers) کو شامل کریں اور اپنی مالیاتی مصنوعات کو مزید متنوع بنائیں۔
مزید پڑھیں: برطانوی حکومت کا یوکرائن کے لیے 2.8 ارب ڈالر قرض دینے کا معاہدہ، عوام میں شدید غصہ
یہ شراکت داری ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ اور زیڈ ٹی بی ایل کے کسانوں کو بااختیار بنانے، مالیاتی شمولیت، ڈیجیٹل تبدیلی، اور پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے جدید بینکنگ سلوشنز کو زرعی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ، زرعی مشینری تک بہتر رسائی، اور چھوٹے کسانوں کے لیے طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔