هفته,  22 مارچ 2025ء
ملک بھر میں حضرت علیؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور(روشن پاکستان نیوز) ملک بھر میں آج حضرت علیؓ کا یوم شہادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

حضرت علی ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر ملک بھر میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، لاہور میں یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون اکبری گیٹ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔

لاہور میں یوم ِ شہادت حضرت علیؓ پر 7ہزار سے زائدپولیس افسران واہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، 600 سے زائدٹریفک اہلکار اورایلیٹ پولیس کی72 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ مجالس اورجلوسوں کوفول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: سی پی او سید خالد ہمدانی کاعید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ،سیکورٹی انتظامات کا جائزہ

کراچی میں مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا جو کہ کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں جا کر اختتام پذیر ہو گا، جلوس کے راستوں پر آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ جلوس میں شرکت کرنے والوں کو صرف واک تھرو گیٹس کے ذریعے داخلے کی اجازت ہو گی۔

ملتان سٹی ٹریفک پولیس نے 21 رمضان المبارک کا ٹریفک پلان جاری کیا ہے، جس کے مطابق حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے سلسلہ میں ڈیرہ اڈا تا عزیز ہوٹل روڈ بند رہے گا، عزیز ہوٹل، ایس پی چوک اور صدر بازار 3 بجے دن تک ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ہے، سی ٹی او کے مطابق اندرون حسین آگاہی صبح 12 بجےدن تا 4 بجے تک ٹریفک کے لئے بند رہے گا ۔

سی ٹی او کا کہنا ہے کہ حسین آگاہی روڈ،گھنٹہ گھر چوک،کچہری روڈ 12 بجے دن تا 10 بجے رات تک بند رہے گا، شہریوں کیلئے خانیوال روڈ ،حسن پروانہ روڈ ،سرکلر روڈ کھلا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے جائیں گے جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی آخری منزل پر اختتام پذیر ہوں گے، کوئٹہ میں جلوس کے شرکاء کی سکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس جزوی طور پر بند کی گئی ہے۔

مزید خبریں