جمعرات,  20 مارچ 2025ء
سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد شیئر کرنے والا نوجوان گرفتار

 

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)راولپنڈی کے علاقے کمیٹی چوک میں سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور تضحیک آمیز مواد کی شیئرنگ پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ وارث خان میں درج ایف آئی آر نمبر 415/22 کے تحت محمد ریان ولد محمد نعیم سکنہ محلہ رسول نگر صادق آباد راولپنڈی کے خلاف پی ای سی اے ایکٹ 2016 کی دفعہ 20 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 16 مارچ 2025 کی رات 9 بجے کمیٹی چوک پر موجود ایک شہری نے سوشل میڈیا کے ذریعے قابل اعتراض مواد شیئر ہوتے دیکھا۔ شہری نے پولیس کو بتایا کہ ملزم محمد ریان نے اپنی فیس بک آئی ڈی (Rayyan Qureshi Sardar) اور ٹک ٹاک اکاؤنٹ (611rayyaqureshi) کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب اور عسکری اداروں کے سربراہان کے خلاف تضحیک آمیز ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کیں۔

شہری کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق یہ مواد نہ صرف نفرت انگیز تھا بلکہ ریاستی اداروں کے خلاف عوام میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش بھی قرار دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور جائے وقوعہ پر تحقیقات کے لیے ٹیم روانہ کی۔ پولیس نے مدعی کے موبائل فون کو بطور ثبوت قبضے میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق محمد ریان ایک منظم سازش کے تحت ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے میں ملوث ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں: متعدد گینگز کی گرفتاری اور منشیات، اسلحہ و دیگر جرائم کی برآمدگی

پولیس حکام کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو قومی سلامتی اور عوامی نظم و ضبط کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

مزید خبریں