اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا دسواں بورڈ اجلاس، اہم فیصلوں کی منظوری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے) کا دسواں اجلاس منگل کے روز چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کی کی سربراہی میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا.
اجلاس میں آئی ایف اے کے بورڈ ممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی.

اجلاس کے دوران متعدد ایجنڈہ پوائنٹس پر غور کیا گیا اور انہیں منظوری دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بورڈ کو آئی ایف اے کی کارکردگی سے آگاہ کیا کہ اتھارٹی نے اب تک 2,200 سے زائد لائسنس جاری کئے ہیں اور 30,000 سے زیادہ معائنے کئے ہیں۔ بورڈ نے مالی سال 2022-23 کیلئے ایکس پوسٹ فیکٹو بجٹ کی منظوری دی، جس کے تحت ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات کے مطابق کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی جس سے ملازمین کی ملازمت کے تحفظ اور کام کی تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔ افرادی قوت کی کمی کو دور کرنے کیلئے بورڈ نے میرٹ کے اصولوں کے مطابق تعیناتیوں کے عمل کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا. وزارت داخلہ کی ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات کے مطابق صوبائی فنڈ اتھارٹی کے سروس رولز کی منظوری دی گئی.

بورڈ نے آئی ایف اے کو تفویض کردہ مالی اختیارات کی منظوری دی، جس سے اتھارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2021 میں آئی ایف اے فنڈ کی شق کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے مالی انتظام اور وسائل کی بہتر تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا. ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بورڈ نے آئی ایف اے کیلئے ایک مخصوص لیبارٹری قائم کرنے کی منظوری دی جس سے خوراک کے معیارات اور تحفظ کو بہتر بنایا جائے گا.

چیئرمین محمد علی رندھاوا و چیف کمشنر اسلام آباد نے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ایپ کے جلد باضابطہ آغاز کا اعلان کیا. یہ ایپ موجودہ “مائی اسلام آباد ایپ” کے ساتھ منسلک کی جائے گی، جس سے خدمات کو بہتر بنانے اور عوام کو معلومات تک آسان رسائی فراہم کی جائے گی. آئی ایف اے کے آپریشنز ونگ کی تجویز کے مطابق جرمانوں اور لائسنسوں کی اقسام میں نظر ثانی کی جائے گی، تاکہ ریگولیٹری فریم ورک کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کی سیکیورٹی نہیں، ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے، عظمیٰ بخاری

اجلاس میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور ایم سی آئی کی جانب سے جاری کردہ لائسنسوں کی ڈپلیکیشن کے مسئلے کو حل کرنے اور لائسنسنگ کے عمل کو منظم کرنے کیلئے فوری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا.

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے زور دیا کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو ایک فعال اور مؤثر ادارہ بنانے کی ضرورت ہے. انہوں نے عوام کے اعتماد کو بڑھانے خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ریگولیٹری نظام کو بہتر بنانے کے لئے اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا. دسویں بورڈ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں سے آئی ایف اے کی چیلنجز سے نمٹنے، خدمات کو بہتر بنانے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لئے ادارے کی پرعزم کوششوں کا اظہار ہوتا ہے.

مزید خبریں