منگل,  18 مارچ 2025ء
وفاقی وزیر اطلاعات، اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ نے نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے اظہر جتوئی کو صدر، نیئر علی کو سیکریٹری اور وقار عباسی کو سیکریٹری خزانہ منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پاکستان میں صحافتی برادری کے لئے ایک موثر پلیٹ فارم ہے جو آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور میڈیا کی ترقی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے گی۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور حقائق پر مبنی صحافت کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اور نیشنل پریس کلب اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نومنتخب عہدیداران کی کامیابی کو صحافی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری پارلیمان کا اہم جزو ہے اور صحافتی برادری کا کردار عوامی مسائل کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

مزید پڑھیں: افضل بٹ کے جرنلسٹ پینل نے نیشنل پریس کلب انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بھی نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت آزادی صحافت اور اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب صحافیوں کے حقوق اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

تمام رہنماؤں نے نومنتخب قیادت کی کامیابیوں اور کامرانیوں کے لیے دعا گو ہونے کا عہد کیا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب اپنی اہمیت اور فعال کردار کو مزید بڑھائے گا۔

مزید خبریں