لاہور(روشن پاکستان نیوز) محکمہ ریلوے نے ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ جبکہ کوئٹہ سے چمن کے لیے بھی ٹرین سروس بحال کر دی گئی۔
لاہور سے کراچی اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ بزنس ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کی منسوخی کے باعث مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں روانہ کیا جائے گا۔
کراچی ایکسپریس کراچی کے لیے شام 6 بجے کے بجائے شام 7 بجے لاہور سے روانہ ہو گی۔ تاہم ناگزیر وجوہات کے باعث آج جعفر ایکسپریس 40 ڈاون کوئٹہ کے لیے روانہ نہیں ہو گی۔
مسافر ریزرویشن آفس لاہور یا قریبی ریزرویشن آفس سے ٹکٹ کا ریفنڈ لے سکتے ہیں۔ اور دیگر شہروں کو جانے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ سے چمن کے لیے ٹرین سروس کو بحال کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ سے چمن کے لیے مسافر ٹرین 4 روز معطل رہنے کے بعد آج روانہ ہو گی۔ کوئٹہ سے دیگر صوبوں کے لیے ٹرین سروس بدستور معطل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کا پہلی بار مقامی سطح پر ٹرین تیار کرنے کا دعویٰ، ویڈیو بھی جاری کردی
یاد رہے کہ 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے بعد سے ٹرین سروس معطل ہے۔
بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مشکاف میں ریلوے ٹریک اور اطراف کے علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس حملے کے بعد متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کے لیے سبی اور مچھ سے ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی۔ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام آج سے شروع کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت 5 بوگیوں کو نقصان پہنچا۔ مشکاف میں ریلوے ٹریک کے 382 فٹ حصہ متاثر ہوا اور ٹریک کی مرمت میں 8 سے 10 گھنٹے درکار ہوں گے۔ کوشش ہے کہ ٹریک کی جلد مرمت کر کے ٹرین سروس بحال کی جائے۔