لاہور(روشن پاکستان نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان اسمبلی میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا جہاں حلقہ پی بی-12 کچھی بولان سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن میر عاصم کرد گیلو نے شہباز شریف سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
میر عاصم کرد گیلو نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔
نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے میر عاصم کرد گیلو اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد دی، اس موقع پر میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ قائد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے پاکستان بالخصوص بلوچستان کو ہمیشہ ترقی دی ہے۔
میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو تعلیم صحت اور ترقی میں آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:چیف الیکشن کمشنر قومی مجرم ، بہتر ہے معافی مانگ لیں ، حلیم عادل شیخ
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان نواز شریف کے دل کے بہت قریب ہے، گوادر سمیت پورے بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے، بلوچستان میں دانش اسکول بنائیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، آئی ٹی اور ہنر سکھا کر زندگی میں کامیاب بنائیں گے۔
نامزد وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ذریعے پاکستان خاص طور پر بلوچستان کو ترقی کا مرکز بنانا چاہتے ہیں، آپ کی حمایت سے پاکستان اور بلوچستان بھر کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔