راولپنڈی(روشن پکستان نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سخت تربیت ایک فوجی کی پیشہ ورانہ ترقی کی بنیاد ہے۔ قومی ترقی کیلئےنوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بہاولپور کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو بہاولپور کور کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسران و جوانوں سے خطاب کے دوران انہوں نے ان کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور جنگی تیاریوں کو سراہا اور کہا کہ سخت تربیت ایک سپاہی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، جوانوں کو جدید جنگ کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے اپنی تیاریاں جاری رکھنا چاہئیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، انوویسٹا چولستان اور انٹیگریٹڈ کامبیٹ سیمئولیٹر ایرینا کا بھی افتتاح کیا، ان اقدامات کا مقصد طبی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جنگی تیاری کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
سی آئی ایم ایس کے دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بہاولپور کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا، جس کے دوران انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کیلئے پاک فوج کے اقدامات کو اجاگر کیا۔
مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کو برطرف کر دیا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ لگن کے ساتھ تعلیمی عمل مکمل کریں اور قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کے لئے تعلیمی مہارتیں حاصل کریں۔
انہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے اہم کردار کی تعریف کی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کے لئے فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔