اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ماہ مبارک کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک مشکلات میں صبر و رضا اور استقامت کا درس دیتا ہے، روزہ خود کو محض بھوکا یا پیاسا رکھنے کا نام نہیں بلکہ تزکیہ نفس اور دوسروں کا احساس کرنے کا نام ہے، رحمتوں اور برکتوں بھرے مہینے میں بھی پارا چنار کرم کے راستوں کا نہ کھلنا انتہائی تکلیف دہ اور ریاستی رٹ کی مکمل ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری کو انجام دیں، پارا چنار کرم کی عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری طور پر راستے کھلوائیں، ہمیں نہیں بھولنا چاہئے کہ ہم نے ایک دن اللہ کے حضور اپنے ہر عمل کا جوابدہ ہونا ہے لہذا اپنی زندگیوں کو اسلام کے حقیقی اصولوں کے مطابق ڈھالیں اور اپنے ذمہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ برتیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر کے مہنگائی پر کسی حد تک قابو پانا چاہیے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، اشیائے خوردونوش کو سستا کر کے اس ذمہ داری کو بھی احسن طریقے سے ادا کیا جا سکتا ہے، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ رمضان المبارک میں ایک دوسرے کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھیں، مفلس و نادار اور تنگدستی میں زندگی گزارنے والوں کو ضروری اشیاء مہیا کر کے رمضان میں دہرا ثواب کمایا جا سکتا ہے، ہر صاحب استطاعت کو چاہیے کہ وہ اپنے ارد گرد ایسے گھرانوں کو نظر میں رکھے، اپنی عبادات میں وطن کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ دعا کی جائے، مظلوموں اور محروموں کو بھی کے لیے دعا کے ساتھ ساتھ ان کے صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے ظالم و جابر قوتوں کے جبر و ستم کو دنیا پر عیاں کیے جائیں۔
