جمعرات,  27 فروری 2025ء
وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لُک رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزارت خزانہ کی جانب سے ماہانہ معاشی آؤٹ لُک رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رواں مالی سال کے 7 ماہ میں ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ اسٹیٹ بینک ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر مستحکم ہوئی۔ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11 ارب 20 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہے۔

جولائی تا جنوری ترسیلات زر میں 25.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اور برآمدات میں 7 ماہ میں 9.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔ درآمدات میں بھی 7 ماہ میں 16.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا رمضان پیکیج ، ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے ملیں گے

رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی تا جنوری 68 کروڑ ڈالر سے زیادہ سرپلس رہا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) محصولات میں جولائی تا دسمبر 26.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ جولائی تا دسمبر نان ٹیکس آمدنی میں 82 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مالی خسارے میں جولائی تا دسمبر 36.1 فیصد کی کمی ہوئی۔ اور 7 ماہ میں مہنگائی کی شرح 28.7 فیصد سے کم ہو کر 6.5 فیصد پر آگئی۔ جنوری میں بیرون ملک ملازمت کے لیے 63 ہزار سے زائد پاکستانی گئے۔

مزید خبریں