لوئر کرم( روشن پاکستان نیوز) لوئر کرم میں پارا چنار جانے والے قافلے اور سیکیورٹی فورسز پر گزشتہ روز ہونے والے حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی، جن میں 5 سیکیورٹی فورسز اہلکار، ایک ڈرائیور، ایک راہ گیر اور 2 حملہ آور بھی شامل ہیں جبکہ 5 اہلکاروں اور 5 ڈرائیورز سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم مندوری اوچت چارخیل اور بگن میں گزشتہ روز پاراچنار جانے والے سامان کے ٹرکوں کے قافلے پر ا گیا، جس میں ایک ڈرائیور اور فورسز کا ایک اہلکار موقع پر جاں بحق ہوا۔
واقعے کے بعد ہیلی کاپٹروں سے بھی شیلنگ کی گئی، اس دوران کرم ملیشاء کے کمانڈنٹ کرنل حیدر کی گاڑی پر بھی بھاری اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ
کیا گیا جس میں 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کرنل حیدر محفوظ رہے۔
واقعے میں فورسز کے 4 اہلکار شہید جبکہ کیپٹن سمیت 5 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ مجموعی طور پر اس واقعے میں 5 اہلکاروں کی شہید اور 5 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
شہدا میں لانس نائک قابل خان، لانس نائک عبدالرحمان، لانس نائک یاسین، سپاہی ثقلین اور سپاہی دانش شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں حوالدار عظیم، نائک توصیف، نائک نیاز محمد اور لانس نائک ہارون شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حملے میں ایک ڈرائیور، ایک راہگیر اور 2 حملہ آور بھی مارے گئے جبکہ 5 سیکیورٹی اہلکاروں اور 5 ڈرائیوروں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق 19 ٹرکوں کے سامان کو لوٹنے کے بعد گاڑیوں کو بھی جلا دیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 35 ٹرک لوٹ لیے گئے ہیں۔
ڈرگز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں سید افتخار حسین اور سید محمد حنیف کا کہنا ہے کہ ڈرگ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر ایک بڑے ٹریلر میں 12 کروڑ روپے کا سامان ڈالا تھا جو لوٹ لیا گیا۔
کرم سے رکن قومی اسمبلی انجینیئر حمید حسین کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے باوجود بار بار خلاف ورزی پر حکومت کی خاموشی افسوسناک ہے، بدامنی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے کاروائی کرتے ہوئے راستے کھول دیے جائیں۔
حمید حسین کا مزید کہنا تھا کہ لیبیا کشتی حادثے میں پاراچنار سے تعلق رکھنے والے زیادہ تعداد میں نوجوانوں کی جاں بحق ہونے کی وجہ بھی صرف اور صرف علاقے میں طویل عرصے سے بدامنی ہے۔
مزید پڑھیں:کرم امن معاہدے کی خلاف ورزی، نفرت انگیز تقاریر پر 3 افراد کیخلاف مقدمہ درج
دوسری جانب ممبر صوبائی اسمبلی علی ہادی عرفانی نے کہا ہے کہ بار بار تاجروں اور دکانداروں کے کروڑوں روپے کے سامان کو لوٹا گیا اور گاڑیوں کو
جلایا گیا حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرین کی فوری امداد کریں اور خوراک و علاج سمیت ضروری سامان کی ترسیل یقینی بنائیں۔
امن دشمنوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے گذشتہ روز کرم میں ریسکیوآپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ اور شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، امن دشمنوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نےکہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، بیرسٹر سیف نے شہداء کے بلند درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی