جمعرات,  20 فروری 2025ء
فاروق ستار کا سندھ حکومت پر شدید تنقید، کراچی میں مافیاز کا راج

کراچی (میاں خرم شہزاد) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ 16 سالوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، اور ٹریفک حادثات پر حکومت سندھ واضح طور پر بے حس نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں 100 سے زائد افراد ڈمپر گردی کا شکار ہوچکے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی شہر نے مختلف مافیاز کا سامنا کیا ہے، اور اب ایک نیا ڈمپر ٹینکر مافیا ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کا صبر اب جواب دے چکا ہے، اور بشرا زیدی جیسے واقعات دوبارہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو شہر کے حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

فاروق ستار نے آفاق احمد کی گرفتاری کے بعد عوام میں غم و غصے کی صورتحال کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ آفاق احمد کی گرفتاری سے ڈمپر جلنا بند نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تھوڑی سی دھمکی آمیز بیان کی بنیاد پر حکومت آفاق احمد کو نوٹس دیتی ہے، تو سوال یہ ہے کہ ڈمپر ٹرالر ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا موجودہ حال بیروت اور 85 کے کراچی سے بھی بدتر ہوچکا ہے، اور اس صورتحال میں شہر میں سازش کی جا رہی ہے۔ فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ آفاق احمد کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے اور کراچی میں ڈمپر ٹرالر گردی کے واقعات پر ایک کمیشن بنایا جائے تاکہ ان واقعات کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی میں مافیاز کا راج بڑھتا جا رہا ہے، اور اگر حکومت نے اس صورتحال پر خاموشی اختیار رکھی تو کراچی میں ایک بڑا احتجاج ہوگا جسے روکنا مشکل ہوگا۔

مزید پڑھیں: کراچی ، 4 خواتین کو عمرے کی آڑ میں سعودی عرب اسمگل کرنیکی کوشش ناکام

مزید خبریں