هفته,  15 فروری 2025ء
پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دوطرفہ تعلقات پر بات چیت، مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان کے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون، اور دیگر پارلیمنٹیرینز نے ملائیشیا کی مشاورتی کونسل آف اسلامک آرگنائزیشن (MAPIM) کے صدر حاجی محمد عظمی عبدالحمید سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات، مسئلہ کشمیر، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان نے ملائیشیا کو اپنے برادر ملک اور بااعتماد دوست کے طور پر سراہا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت و وابستگی کو اجاگر کیا۔ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی سطح پر روابط کے فروغ کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، جہاں رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے اس بات کو واضح کیا کہ کشمیر خطے میں ایک سلگتی ہوئی آگ کی مانند ہے جو کسی وقت بھی پھٹ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے کی سلامتی کے لیے انتہائی ضروری ہے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

صدر حاجی محمد عظمی عبدالحمید نے اس بات کی تصدیق کی کہ ملائیشیا ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا آیا ہے اور وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مکمل حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیان فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھایا جائے گا اور دونوں ممالک نے مشترکہ تعلیمی و تحقیقی منصوبوں کے آغاز پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: غلام محمد صفی کا پاکستان میں کشمیر کے لیے الگ سفیر مقرر کرنے کا مطالبہ

شرکائے اجلاس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کا عالمی سطح پر مقدمہ لڑتا رہے گا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سفارتی محاذ پر مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ ملاقات پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کرتی ہے۔

مزید خبریں