کراچی(روشن پاکستان نیوز) کراچی کی صنعتوں کو بجلی بل میں سبسڈی نہ دینے کے معاملے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار نے سی ای او کے الیکٹرک کو طلب کر لیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے بجلی کے بلوں میں حکومت کی دی گئی سبسڈی صنعتوں کو نہیں دی گئی ہے، کراچی کی صنعتوں کا پیسہ کسی کو کھانے یا ہضم نہیں کرنے دیں گے۔
کراچی کی صنعتوں کو بجلی بل میں سبسڈی نہ دینے پر قائمہ کمیٹی نے نوٹس لیا تھا، قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کا اجلاس 24 فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، کمیٹی اجلاس میں میئر کراچی کو بھی شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیئرمین کمیٹی حفیظ الدین ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ سی ای او کے الیکٹرک کو متعدد بار قائمہ کمیٹی اجلاس میں بلایا گیا لیکن وہ حاضر نہ ہوئے، اگر اس بار سی ای او کے الیکٹرک حاضر نہ ہوئے تو ان کے خلاف نوٹس جاری کریں گے۔
انھوں نے سوال کیا ہے کہ سی ای او بتائیں کے الیکٹرک نے 30 ارب روپے کی سبسڈی اب تک صنعتوں کو کیوں نہیں دی؟