اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت سے خوشگوار ملاقات ہوئی۔ جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ کویت، سری لنکا اور دیگر ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔ جبکہ مختلف رہنماؤں سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق گفتگو کی۔ سری لنکن ٹیم نے ڈینگی پر قابو پانے میں مدد کی تھی تو اس پر سری لنکن قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ گورنمنٹس سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اور غزہ کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ فلسطین میں بربریت اور نسل کشی کا سلسلہ رکنا چاہیے۔ سعودی عرب کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ٹرمپ کا غزہ سے متعلق بیان ناانصافی پر مبنی قرار دے دیا
غزہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں تعمیرنو کا کام فوری شروع ہونا چاہیے۔ اور امید ہے کہ فلسطین میں امن قائم ہو گا۔ فلسطین میں 50 ہزار لوگ شہید کیے جاچکے ہیں۔ جبکہ فلسطینیوں کی بحالی کے لیے سب کو اکھٹا ہو کر آگے بڑھنے پر زور دیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے بھی معاشی اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔ اور انہوں نے وزیر خزانہ اور وزیر توانائی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ تاہم شرح نمو میں بہتری کے لیے مزید کام کرنا ہے اور آئی ایم ایف کی جاری حمایت کو سراہتے ہیں۔ ایم ڈی آئی ایم ایف کے تعریفی کلمات حوصلہ افزا ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ لیبیا کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی اموات پر افسوس ہے۔ تاہم کمیٹی تشکیل دی ہے اور وہ معاملے کی جانچ کرے گی۔ انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا بہترین دوست ہے۔ اور آج رات ترکیے کے صدر پاکستان آرہے ہیں۔ موقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور مختلف ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔