اتوار,  16 مارچ 2025ء
نمائش اسلامی جمہوریہ ایران میں اسلامی انقلاب کی فتح کی 46ویں سالگرہ کے جشن کا حصہ ہے . ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان

کراچی (میاں خرم شہزاد) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور قونصلیٹ جنرل ایران کراچی کے مشترکہ تعاون سے Wooden Scriptures Exhibition کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری احمد شاہ بلڈنگ میں کیاگیا. نمائش کا افتتاح قونصل جنرل ایران حسن نوریان، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا، اس موقع پر ایرانی آرٹسٹ پرویز عابدی نے بھی موجود تھے، ایرانی فنکار کے مختلف درختوں کی لکڑیوں کی مدد سے بنائے گئے فن پارے اور صحیفے نمائش میں پیش کیے گئے جن میں عناب، نارنج، سماروبا اور زرشک کے درختوں کی لکڑی شامل ہے، اس موقع پرصوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہاکہ میں نے نوجوانوں کی ،جیل کے قیدیوں کی اور مختلف ممالک کے فنکاروں کی بہت سی نمائشیں دیکھی ہیں مگر آج کی نمائش بہت کمال کی ہے ، اللہ نے مختلف لوگوں کو مختلف صلاحیتوں سے نوازا ہوتا ہے جس کا اظہار مجھے یہاں نظر آتا ہے ، اس نمائش کا ایک فن پارہ ایسا ہے جسے بنانے میں فنکار کو تین سال لگ گئے یعنی فنکار کے صبر اور محبت نے ان کو پیچھے ہٹنے نہیں دیا اور ان کے کام نے ان کے آرٹ کو جوڑے رکھا ، ایرانی آرٹسٹ نے آرٹس کونسل کے بچوں کو تربیتی ورکشاپ بھی دی ، یہ فنکار اپنا کام دوسرے کے ساتھ بھی بانٹ رہے ہیں ایران کے ساتھ تہذیبی تعلقات بھی ہیں اگر ہم دونوں ملکوں کا دورہ کریں تو کافی چیزیں ایک جیسی نظر آتی ہیں۔ قونصل جنرل ایران حسن نوریان نے نمائش میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم اسلامی جمہوریہ ایران میں اسلامی انقلاب کی فتح کی 46ویں سالگرہ کی تقریبات منا رہے ہیں اور اس خوشی کے موقع پر مختلف تقاریب اور جشن منعقد کیے جا رہے ہیں، آج کا یہ پروگرام بھی اسی عظیم جشن کا ایک حصہ ہے، اس شاندار آرٹ نمائش میں آپ سب کو خوش آمدید کہنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، فن ایک ایسی انمول صلاحیت رکھتا ہے جو زبان، ثقافت اور وقت کی قید سے آزاد ہوتا ہے، یہ براہ راست ہمارے جذبات سے مخاطب ہوتا ہے، ہمارے خیالات کو چیلنج کرتا ہے اور ہمیں فنکار کی دنیا میں داخل ہونے کی دعوت دیتا ہے، یہاں موجود ہر فن پارہ صرف رنگوں کا امتزاج یا مجسموں کی صورت نہیں، بلکہ ایک کہانی، ایک احساس اور دنیا کا فنکار کی نظر سے عکس ہے، تخلیقی بصیرت پیش کرنے پر پرویز عابدی سمیت اس شاندار نمائش کے انعقاد پر آرٹس کونسل آف پاکستان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے کہاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے ثقافتی، تاریخی اور مذہبی روابط ہیں جو صدیوں پر محیط ہیں۔ یہ تعلقات مشترکہ فارسی روایات، لسانی روابط اور مذہبی یکجہتی سے ج±ڑے ہوئے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک میں مسلم اکثریت پائی جاتی ہے۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے قدیم اور ہزاروں سال پرانے تعلقات ہیں ، ہمارا ایران سے تہذیبی، ثقافتی اور زبان کا گہرا رشتہ ہے ، اردو فارسی کے بطن سے نکلی ہے ، ہم بہت خوش ہیں کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایران کے مایہ ناز فنکار کا کام نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، پرویز عابدی لکڑی پر زبردست کام کرتے ہیں، فنکار نے مختلف درختوں کی لکڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے شاہکار تخلیق کیے ہیں، ثقافت کے فروغ کا یہ سلسلہ چلتا تھا اور چلتا رہے گا ، میں ایرانی قونصل خانہ کراچی اور قونصل جنرل ایران حسن نوریان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، انہوں نے کہاکہ اس سال آرٹس کونسل میں ہونے والے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں ایران کے فلم میکر ، میوزیشن اور تمام کلچر سے وابستہ لوگوں کو بلائے گا۔ ایرانی آرٹسٹ پرویز عابدی کے بنائے ہوئے صحیفے جن میں آیت الکرسی، چہار قل، سورئہ الحمد سمیت گلاب کا پھول، پرندہ، چیتا، نشاط، ایثار اور ذبح اسماعیل دیکھنے والوں کی توجہ کامرکز بنے رہے، یہ خوبصورت شاہکار جو پینٹنگ کی طرح لگتے ہیں مگر اسے چھونے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ یہ لکڑی سے بنا ہے۔

مزید خبریں