بدھ,  12 فروری 2025ء
گورنر پنجاب کا رفاہ انٹرنیشنل کالج کے کانوکیشن سے خطاب، تعلیم اور کردار سازی پر زور

راولپنڈی (شہزاد حسین بھٹی سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ طلبہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے سخت محنت کریں اور ساتھ ہی اپنے اخلاق اور کردار کی تعمیر پر بھی توجہ دیں، کیونکہ یہی ایک اچھے انسان کی پہچان ہے۔ وہ رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کیمپس کے کانوکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کے سی ای او صاحبزادہ عمار حسن قریشی، پرنسپل پروفیسر شریف زاہد، ڈائریکٹر وقار احمد، پیر صاحب پوڑمیانہ شریف صاحبزادہ ڈاکٹر آفتاب قریشی، پیپلز پارٹی کے رہنما سردار اشعر حیات خان، ملک امانت راول، سردار حیدر علی خان، ملک شیر خان سدریال، مینیجنگ ڈائریکٹر راؤ تالش بدر، طلبہ و طالبات اور معزز مہمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں، لیکن اس کے ساتھ اخلاقی اقدار کی پاسداری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے پیر صاحب پوڑمیانہ شریف صاحبزادہ ڈاکٹر آفتاب حسن قریشی کی عوامی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جدید تعلیم کا حصول مشکل ہے، لیکن رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کیمپس مستحق طلبہ کو فیس میں رعایت یا معافی دے کر ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹک ان کا اپنا ضلع ہے اور یہاں کے عوام کی خدمت کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور پرعزم قوم ہے، جو جس کام کا ارادہ کر لے، اسے مکمل کر کے دکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹک کے شہداء نے ملک کے دفاع میں لازوال قربانیاں دیں، جن پر ہمیں فخر ہے۔ حال ہی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار سعید اقبال، سپاہی باسط علی اور پولیس کے شہید سپاہی محمد قدیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے۔

انہوں نے اٹک میں سہولیات کی کمی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی ہر عمارت کا سایہ اٹک پر پڑتا ہے، مگر یہاں کے عوام کو وہ بنیادی سہولیات نہیں دی گئیں جن کے وہ حقدار ہیں، خاص طور پر جنڈ، پنڈگھیب اور فتح جنگ کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی اٹک میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی آف اٹک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ جنڈ میں یو ای ٹی ٹیکسلا کا سٹڈی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ جنڈ میں یو ای ٹی ٹیکسلا اور فتح جنگ میں پنجاب یونیورسٹی کے سب کیمپس کے لیے پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے، جو جلد ہی صوبائی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فتح جنگ اور پنڈگھیب میں عوامی سہولت کے لیے ڈائلیسس سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت عوامی خدمت کا کامیاب ماڈل چلایا جا رہا ہے، اور وہ اسی ماڈل کو اٹک میں بھی متعارف کرائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل کالج اٹک کے سی ای او صاحبزادہ عمار حسن قریشی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب نے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈل اور اسناد تقسیم کیں۔

گورنر پنجاب کا ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا دورہ

بعد ازاں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا دورہ کیا، جہاں سپرنٹنڈنٹ جیل عارف شہزاد گِل نے ان کا استقبال کیا۔ گورنر پنجاب کی ذاتی کاوشوں اور تعاون سے جیل میں روٹی بنانے کا خودکار پلانٹ نصب کیا گیا ہے، جس کا انہوں نے افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جیل میں ٹائل ورک بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

گورنر پنجاب نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی درخواست پر جیل کی مسجد کی تعمیر کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے جیل کے ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل عارف شہزاد گِل نے گورنر پنجاب کو جیل کے انتظامی اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر پنجاب نے جیل میں قیدیوں سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی اصلاح کرنی چاہیے اور رہائی کے بعد ایک ذمہ دار اور کارآمد شہری کے طور پر ملک کی خدمت کرنی چاہیے۔

مزید خبریں