کراچی (روشن پاکستان نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے پارٹی میں جاری اختلافات کے حوالے سے چلنے والی خبروں کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، اجلاس کچھ دیر بعد بہادرآباد میں ہوگا، اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تمام ارکان اسمبلی بہادر آباد مرکز پہنچ گئے ہیں، اہم اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہوگا۔
سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری پر پوری پارٹی کو اعتماد ہے، وہ ہمارے گورنر ہیں اور کہیں نہیں جا رہے، کامران ٹیسوری سندھ کے گورنر رہیں گے، پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز میڈیا میں خبریں آئی تھیں کہ ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، بہادر آباد دفتر پر کارکنان نے دھاوا بول دیا۔
تنظیمی معاملات کی تقسیم پر ایم کیوایم کے کارکنان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بہادر آباد سے چلے گی، گورنر ہائوس سے نہیں، کارکنان نے گو گورنر گو اور گو ٹیسوری گو کے نعرے بھی لگائے تھے۔
مزید پڑھیں: امریکی عدالت نے ایلون مسک کی ٹیم کو حکومتی نظام تک رسائی سے روک دیا
ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان نے تنظیمی معاملات کی تقسیم پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا مرکزی دفتر بہادرآباد میں ہے لیکن فیصلے گورنرہاؤس سے کیے جا رہے ہیں۔
ایم کیو ایم نے میڈیا پر اپنی جماعت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز سے بعض عناصر سوشل میڈیا پر معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے اور جان بوجھ کر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔