راولپنڈی (روبینہ ارشد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا دورہ کیا۔ اور منصوبے کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ جبکہ انہوں نے خصالحہ خورد راولپنڈی رنگ روڈ کیمپ آفس کا بھی دورہ کیا۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے رنگ روڈ منصوبے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بانٹھ، چک بیلی خان، اڈیالہ روڈ، چکری روڈ اور ٹھلیاں کے مقام پر 5 انٹر چینج تعمیر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پر ریلوے پل اور 5 اوورپاسز بنائے جائیں گے جبکہ 21 سب وے ہوں گے۔
مزید پڑھیں: جنید اکبر نے پنجاب کے راستے بند کرکے اسلام آباد مارچ کی دھمکی دے دی
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 38 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کی تکمیل سے ٹریفک کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اور منصوبے کی تکمیل سے معاشی اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی تکمیل سے لاکھوں شہریوں کو سفر میں آسانی ملے گی۔