پیر,  27 جنوری 2025ء
کراچی کے تاجروں کا دلچسپ مطالبہ، مریم نواز کو وزیراعلیٰ سندھ بنایا جائے

کراچی (روشن پاکستان نیوز) کے تاجر رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی سے متاثر ہو کر دلچسپ مطالبہ پیش کر دیا۔ تاجروں نے کہا کہ کچھ عرصہ کے لیے مریم نواز ہمیں دے دیں اور مراد علی شاہ آپ رکھ لیں۔

یہ مطالبہ وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ میٹنگ میں کیا گیا، جہاں کراچی کے تاجروں نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی حمایت کی۔

اجلاس میں شریک تاجروں نے کہا کہ مریم نواز کی کارکردگی نے ہمیں بے حد متاثر کیا ہے، مراد علی شاہ آپ رکھ لیں اور کچھ عرصے کیلئے مریم نواز ہمیں دے دیں۔

تاجروں کے اس دلچسپ مطالبے پر وفاقی وزیر احسن اقبال بے ساختہ مسکرا دیے۔

تاجروں کا مخصوص ٹولا سندھ کے مینڈیٹ کی توہین کر رہا ہے، سعدیہ جاوید

حکومتِ سندھ کی ترجمان سعدیہ جاوید نے وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف ہرزہ سرائی پر ردعمل میں کہا ہے کہ خوشامدی سے رٹا لگائی بات کہلوانے سے حقائق تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ چاپلوس کی بات کو باشعور تاجر کمیونٹی کا بیانیہ قرار دینا بد دیانتی ہے، سنجیدہ سیاستدان، ذمہ دار وزیر کسی فضول بات کو برداشت نہیں کرتا۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ تاجروں کا مخصوص ٹولا سازش کے تحت سندھ کے مینڈیٹ کی توہین کررہا ہے، تاجروں کا مخصوص ٹولہ فورمز پربزنس کے علاوہ ہر چیز پر بات کرتا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ نہ عاقبت اندیشوں سے گذارش ہے کہ جمہوریت شطرنج نہیں، کسی مہرے کو ایک جگہ سے اُٹھا کے دوسری جگہ رکھ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کی نمائمدگی کر رہے ہیں، مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حقیقی معنوں میں تاجر دوست صوبہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے خطے کے لیے رول ماڈل ہیں، سندھ کی عوامی حکومت، تاجر صوبے، ملک کی خوشحالی کے لیے ایک پیج پرہیں۔

مزید پڑھیں: اڑان پاکستان مقامی طور  پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے وزیراعظم شہباز شریف

سعدیہ جاوید نے کہا کہ متنازعہ نہروں کے معاملے پر دوٹوک موقف پر مراد علی شاہ کے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں، پیپلز پارٹی متنازعہ نہروں، دریائے سندھ کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔

مزید خبریں