پیر,  27 جنوری 2025ء
ہم نے کبھی نہیں کہا جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے، پی ٹی آئی کے ذہن میں کوئی منصوبہ ہے، عرفان صدیقی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے۔

سینیٹر عرفاں صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کر کے اسپیکر قومی اسمبلی اور کمیٹی کی توہین کی ہے اور پورے مذاکراتی عمل کو تماشہ بنا کر رکھ دیا ہے، ہم کب تک اس تماشے کا حصہ بنے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسپیکر کو ابھی تک باقاعدہ طور پر مذاکرات کے خاتمے کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا ہے، لہٰذا اسپیکر قومی اسمبلی نے پہلے سے طے شدہ امور کے مطابق 28 جنوری کو مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔

عرفاں صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے 28 تاریخ کو آئیں، بیٹھیں اور ہمیں سنیں، ہم نےکبھی نہیں کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے، ہم مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: جوڈیشل کمیشن پر نہیں ان کی حرکتوں پر اعتراض ہے، خواجہ آصف

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مذاکرات ختم نہیں کیے، جب ایک طرف سے ختم ہو گئے ہیں تو ہم کس سے بات کریں، کیا ہم اس کمرے میں بیٹھ کر دیواروں سے بات کریں؟

عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکرات میں صبر اور تحمل کی ضرورت ہوتی ہے، اگر پی ٹی آئی مذاکرات کو چھوڑ کر جا رہی ہے تو یقیناً ان کے ذہن میں کوئی منصوبہ ہوگا۔

مزید خبریں