پیر,  27 جنوری 2025ء
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید 3 گواہان کے بیانات قلمبند

اسلام آباد (روبینہ ارشد) جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید 3 گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے۔

ہفتے کے روز اڈیالہ جیل راولپڈی میں بانی پی ٹی آئی و دیگر کیخلاف انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کی جس کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ اور شبلی فراز سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔

اڈیالہ جیل میں دوران سماعت استغاثہ کے مزید 3 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

مقدمہ میں مجموعی طور پر 12 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت پر وکیل صفائی فیصل ملک کے دلائل بھی مکمل ہوگئے۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے بشرٰی بی بی کے دوران سماعت کمرہ عدالت میں بیٹھنے پر اعتراض دائر کیا اور کہا کہ وہ ایک مقدمہ میں مجرم ہیں اور انہیں عدالت سے سزا بھی ہو چکی جبکہ قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ مجرم کسی مقدمہ کے ٹرائل میں بیٹھ سکے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں41فیصد بور، 27فیصد فلٹرڈ اور 33فیصد سپلائی پانی کے نمونے غیر تسلی بخش نکلے

وکلائے صفائی کی جانب سے 9 مئی سے متعلق 13 مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست بھی دائر کر دی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ تمام مقدمات میں ایک ہی سازش کا ذکر ہے، لہٰذا ایک ہی فرد جرم عائد کی جائے۔

بعدازاں، عدالت کی جانب سے کیس کی مزید سماعت  29 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں