جمعه,  24 جنوری 2025ء
پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے 5 نام حکومت کو بھیج دیے

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ کیلئے حکومت کو 5 نام بھیج دیے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے چیف وہپ طارق فضل چوہدری کو خط ارسال کیا ہے، جس میں پی اے سی کی چیئرمین شپ کے لیے 5 نام بھیجے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں جنیداکبر، شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب خان، عامر ڈوگر کے اور خواجہ شیراز محمود کے نام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت 28 جنوری کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کے چوتھے سیشن میں شرکت نہیں کرے گی، کیوں کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں مذاکرات میں شریک ہونے سے منع کر دیا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اب تک حکومت کی جانب سے ہمارے مطالبے پر تحقیقاتی کمیشن نہیں بنائے گئے، ہم بات چیت کو مثبت بنانے کے خواہشمند ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے کمیشن نہ بنانے کی وجہ سے مزید کسی مذاکرات کا حصہ نہیں رہ سکتے۔

مزید پڑھیں: حکومت اورپی ٹی آئی مذاکرات :دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28جنوری کوبلانےکافیصلہ

یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے 28 جنوری کو حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے چوتھے سیشن کے لیے اجلاس بلایا گیا ہے، جس سے دونوں فریقین کو آگاہ بھی کیا جاچکا ہے۔

مزید خبریں