اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) علمائے کرام نے تین جان لیوا کام غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ جاری کر دیا۔ تین کاموں میں ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ غیر شرعی قرار دیئے گئے ہیں۔
علمائے کرام نے فتوے میں کہا ہے کہ ہر وہ عمل جو جان کو خطرے میں ڈالے غیر شرعی ہے،اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔
علماء کرام کے مطابق ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل اسلام میں سخت ممنوع ہیں، “یہ اعمال خودکشی کے مترادف ہیں”،اسلام خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے روکتا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پتنگ کی ڈور، ہوائی فائرنگ کئی قیمتی جانیں ضائع کر چکی ہے ،صرف 20 روز میں ون ویلنگ کرنے والے 151 افراد گرفتار کئے گئے۔
مزید پڑھیں: ‘بیگم جان’ میں خوفناک کردار کے بعد بیوی الگ کمرے میں سونے لگی، چنکی پانڈے نے دلچسپ انکشاف کردیا
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پتنگ بازی کرنے پر 150مقدمات درج کئے جا چکے،ہوائی فائرنگ کے مرتکب 118ملزمان کو جیل بھیجا جا چکا، پولیس جان لیوا کھیلوں کی روک تھام کیلئےسخت کارروائی جاری رکھے گی۔
والدین سے گزارش ہے بچوں کو غیر قانونی، غیر شرعی سرگرمیوں سے روکیں۔