منگل,  21 جنوری 2025ء
گیارہ سالہ حمیرا بی بی کوفی الفور بازیاب کرایا جائے، نثار شاہ ایڈووکیٹ

   جھوٹی ایف آئی آرمنسوخ ،نابالغ بچی کی گمشدگی پر کارروائی کی جائے، انجم انور

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)لیگل سپورٹ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو نثار احمد شاہ ایڈووکیٹ اور ادارہ براے بحالی جسمانی معذوران کی چیئرپرسن انجم انورنے گیارہ سالہ حمیرا بی بی کی فی الفور بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی ایف آئی آر کو منسوخ اور امجد علی اور ان کے خاندان کے خلاف نابالغ بچی کی غیرقانونی حراست اور گمشدگی پر قانونی کارروائی کی جائے، بچوں کے تحفظ اور روزگار کے قوانین پر سختی سے عملدرآمدکیا جائے، نثار احمد شاہ ایڈووکیٹ اور انجم انور نے ان خیالات کا اظہارگیارہ سالہ حمیرا بی بی کے والدین کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نےگیارہ سالہ نابالغ بچی حمیرا بی بی کی گمشدگی کے معاملے پر تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حمیرا بی بی کو 24 جون 2024 کو اسلام آباد کے سیکٹر جی4/9میں امجد علی کے گھر گھریلو ملازمہ کے طور پر رکھا گیا تھا جو بچوں کے روزگار کے قانون 1991 اور بچوں کے تحفظ و فلاح کے قانون 2018 کی بھی خلاف ورزی ہے، یہ بچی گزشتہ چار ماہ سے لاپتہ ہے اور فاؤنڈیشن نے اس کی بازیابی کے لیے معزز اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی ہے،معزز اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے، انہوں نے میڈیا کو کیس کے پس منظرموجودہ صورتحال اور عدالت سے فاؤنڈیشن کی درخواستوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2 ستمبر 2024 کو امجد علی نے نابالغ بچی کے خلاف چوری کا جھوٹا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر (نمبر 942/24) درج کروائی کہ بچی گھر سے زیورات چرا کر بھاگ گئی ہے، جس کے بعد سے بچی لاپتہ ہے،انہوں نےمطالبہ کیا کہ نابالغ حمیرا بی بی کی فوری بازیابی اور عدالت میں پیشیکو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جھوٹی ایف آئی آر کو بھی منسوخ کیا جائے اورامجد علی اور ان کے خاندان کے خلاف نابالغ بچی کی غیرقانونی حراست اور گمشدگی پر قانونی کارروائی کی جائےاوربچوں کے تحفظ اور روزگار کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،نثار احمد شاہ ایڈووکیٹ نے اعلان کیا کہ فاؤنڈیشن ہر ممکن قانونی و اخلاقی وسائل بروئے کار لا کر حمیرا بی بی اور اس کے خاندان کو انصاف دلانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ بچی کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کریں اور قانون کے تحت ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔ اس موقع پر گمشدہ بچی حمیرا بی بی کےوالدین نےمیڈیا اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان کی بیٹی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور انہیں انصاف دلایا جائے، انہوں نے اپنی بے بسی اور حکام کی جانب سے کارروائی میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا۔

مزید خبریں