لایور (روشن پاکستان نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وقفہ سوالات پر غیر ضروری سوالات پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔
پنجاب میں وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن اراکین نے پے درپے سوالات کیے جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اظہار برہمی کیا۔
سینئنر وزیر مریم اورنگزیب نے صوبائی اسمبلی میں وقفہ سوالات پر بحث کے دوران بتایا کہ فیصل آباد ڈرین سے متعلق 4 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، فیصل آباد کی تجرباتی لیبارٹری نے پہاڑنگ ڈرین پر واقع 37 ملز کے ویسٹ واٹر سیمپلز لیے ہیں،32 ملز مالکان کیخلاف کی کاروائی کی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ سے بجٹ منظور ہوگیا ہے، جلد فیصل آباد میں ڈرین کا معاملہ حل ہوگا، پہلی بار 5 کروڑ کا بجٹ محکمہ تحفظ ماحول کو جاری کیا گیا ہے، صاف ستھرا پنجاب ہو یا انوارئمنٹل کا معاملہ ہو، حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کیے گئے۔
مزیدپڑھیں: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو سیاحت، آرکیالوجی اور میوزیم کا اضافی چارج دیدیا گیا
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسموگ پر کوئی کام نہ ہوا تھا، موجودہ حکومت نے اسموگ تدارک کے لیے نہ صرف فنڈزجاری کیے بلکہ پالیسی بنائی۔
اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے وقفہ سوالات پر کہا کہ حکومت دعوے کررہی ہے کہ سب اچھا ہے، آج شہری صاف پانی پینے سے محروم ہیں۔
اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے لیے ایک کروڑ سے زائد کے فنڈز دیے گئے وہ کہاں خرچ کیے گئے ہیں، کسی بھی یونٹ کے خلاف کارروائی کے لیے محکمہ تحفظ ماحول کے قواعد وضوابط کیا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیئر منسٹر کے پاس 5، 5 وزراتیں ہیں، منسٹرصاحبہ مجھے بتائیں کے ملنے والے فنڈز کے استعمال کا کیا طریقہ کار ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وقفہ سوالات میں ممبران کی جانب سے غیر ضروری ضمنی سوالات کرنے پر اظہار برہمی کیا اور کہا ’اپنے ضمنی سوالات تیار کرکے ایوان میں آئیں کیونکہ ایوان کا وقت ضائع ہوتا ہے، کل سے سوالات پر میں غیر ضروری بات کی پابندی لگا دوں گا۔‘
اس موقع پرحکومتی رکن مدد علی شاہ نے انسانی اسمگلنگ کا معاملہ ایوان میں اٹھایا دیا اور مطالبہ کیا کہ انسانی اسمگلنگ پر حکومت کو سخت ایکشن لینا چاہیے، سرکاری ملازم کے بغیر مکروہ دھندہ نہیں ہوسکتا
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ پر ہم نے ہاؤس میں ایک کمیٹی بنا دی ہے جو وفاقی حکومت سے اس معاملہ پر بات کرے گی۔
اپوزیشن رکن سردار شہاب الدین نے وقفہ سوالات پر کہا کہ لیہ شہر میں اتنا گند ہے کہ دوسڑکیں بلاک ہو چکی ہیں، شہر سے گندگی صاف کی جائے تاکہ شہری بیماری سے بچ سکیں۔