جمعرات,  16 جنوری 2025ء
پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حکومتِ پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور اس پیشرفت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ 15 جنوری 2025 کو ہونے والی غزہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان معاہدے پر فوری اور مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے، امید ہے کہ معاہدہ مستقل جنگ بندی کا باعث بنے گا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ امید کرتے ہیں معاہدے سے انسانی امداد کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی افواج کی اندھا دھند طاقت کے استعمال سے لاتعداد جانوں اور املاک کا نقصان ہوا ہے، لاکھوں بے گناہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم نے پورے خطے کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ طے پا گیا ہے، اس حوالے سے قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے اعلان کیا ہے۔

غزہ میں جنگ بندی کا عمل 3 مراحل پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی اور دو ہزار فلسطینی قیدی رہا ہوں گے، اسرائیلی فوج غزہ کے شہری علاقوں اور رفاہ بارڈر سے پیچھے ہٹے گی، دوسرا مرحلہ جنگ بندی کے 16 روز بعد شروع ہوگا، دوسرے مرحلے میں مزید قیدیوں کی رہائی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو، انتظامی امور کے معاملات طے کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے پر رضامندی ظاہر کردی، عرب میڈیا کا دعویٰ

مزید خبریں