اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی سمت کو تبدیل کر کے انصاف کی فراہمی بہتر کی جا سکتی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ پریس ایسوسی ایشن اراکین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ہر جج آزاد ہے۔ اور سپریم کورٹ کا ہر جج کیس کو اپنے انداز سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ججز کو بریکٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔ اور ججز پر تنقید بھی تعمیری ہونی چاہیے۔ چیف جسٹس بننے کا فیصلہ اتنی جلدی میں ہوا کہ میں حلف برداری کا سوٹ بھی نہیں خرید سکا۔
مزید پڑھیں؛ آرمی ایکٹ میں موجود تمام جرائم کا اطلاق فوجی افسران پر ہی ہو گا ، سپریم کورٹ
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اصلاحات سے متعلق اقدامات کیے گئے۔ ہائی کورٹ اتھارٹی کا احترام ہے۔ اور براہ راست ہائی کورٹ کی اتھارٹی یا ماتحت عدلیہ میں مداخلت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ٹائیٹینک ہے اس کو آپ تبدیل نہیں کر سکتے۔ تاہم سپریم کورٹ کی سمت کو تبدیل کر کے انصاف کی فراہمی بہتر کی جا سکتی ہے۔