اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے 2 ارب ڈالر کی ادائیگی مؤخر کرا دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان میں یو اے ای کے صدر سے ملاقات ہوئی۔ اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے صدر سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ یو اے ای نے 2 ارب ڈالر کی ادائیگی مؤخر کرا دی۔ جبکہ پاکستان نے یو اے ای کو اسی ماہ 2 ارب ڈالر واپس کرنے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف سے ملاقات، اماراتی صدر کا معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار
شہباز شریف نے کہا کہ معاشی سفارتکاری کے لیے کوششوں کے ثمرات آ رہے ہیں۔ اور 2 ارب ڈالر کی ادائیگی میں وقت دینے پر یو اے ای کے صدر کا مشکور ہوں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سمیڈا ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اور ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ میں اضافہ خوش آئند بات ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی کرے گا اور خوشحال ہو گا۔
کرم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کرم میں حملے سے امن معاہدے کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔ کرم حملہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایک مذموم حرکت ہے۔