نارووال(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس لیے قید ہیں کہ وہ رسیدیں نہیں دکھا سکے۔ اگر وہ 50 ارب روپے چوری کا تسلی بخش جواب دیں گے تو رہا ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نارروال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی اور خلوص نیت کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔ اور ان مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار مطالبات پر ہے۔ جو پی ٹی آئی کی طرف سے سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات ایسے ہوئے جو حکومت پورے کر سکتی ہوئی تو حکومت ضرور پورے کرے گی۔ تاہم عمران خان کی قید سیاسی بنیادوں پر نہیں ہے۔ وہ اس لیے قید ہیں کہ وہ رسیدیں ہی نہیں دکھا سکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وہ جو دوسروں کو کہتے تھے کہ رسیدیں دکھاؤ لیکن جب ان سے رسیدیں مانگی گئیں تو ان کی تمام رسیدیں بوگس نکلیں۔ عمران خان جب اصلی رسیدیں دکھائیں گے اور قانون کو مطمئن کریں گے تو وہ رہا ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ بتا دیں کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈ جو 50 ارب روپے بنتے ہیں۔ وہ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے اپنے دوست کے اکاؤنٹ میں کیوں جمع کرائے؟۔ اگر عمران خان قانون کو مطمئن نہ کر سکے تو ان کی رہائی ممکن نہیں ہو گی۔
مزید پڑھیں؛ بلدیاتی انتخابات، نوازشریف کا پارٹی کو متحرک کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ جو قیدی ٹرائل کورٹ کے اندر ہیں۔ ان کی آزادی کا راستہ صرف عدالتوں کے ذریعے ہی ہے۔ جنہوں نے پاکستان کی فوجی چھاؤنیوں پر حملے اور جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔ ان کی معافی تو امریکہ اور برطانیہ بھی نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی جمہوریت کسی سیاسی کارکن کو یہ لائسنس نہیں دیتی۔ کہ وہ اپنے ملک کے فوجی اڈوں پر حملہ کرے۔