هفته,  04 جنوری 2025ء
ایس آئی ایف سی کا زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور شعبہ سیاحت میں سرمایہ کاری تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

جمعرات کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عسکری قیادت، وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی اور کونسل کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے حوالے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

اسپیشل اکنامک زونز کی کارکردگی اور نیشنل منرل ہارمنائزیشن پالیسی پر وزارتوں کی جانب سے بریفنگ دی گئی اور اقتصادی ترقی کیلئے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اکنامک زونز کے قیام کے مقامات کا تعین کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں اسپیشل اکنامک زون کا جال بچھانے اور فورم اکنامک زونز سے متعلق قوانین کو آسان بنانے پر زور دیا گیا۔

ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی کو مائننگ سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی  اور مائننگ سے متعلق وفاقی اور صوبائی قوانین میں ترمیم کی بھی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور مختلف ممالک کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔

مزید پڑھیں؛ کابینہ اجلاس: مدارس رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس سمیت دو صدارتی آرڈیننسز کی منظوری

ذرائع نے مزید بتایا کہ فورم کی جانب سے ملکی معاشی اعشاریئے بہتر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں اقدامات کو تیز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں