اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کردیا، تقریب میں اڑان پاکستان کے لوگو اور کتاب کی بھی رونمائی کی گئی۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ،گورنر کے پی بھی شامل ہوئے، وزیراعظم کےہمراہ اسحاق ڈار، وزیرخزانہ محمداورنگزیب اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اڑان پاکستان تقریب سے خطاب میں کہا کہ آخری نو ماہ ہم نے بہت بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، ہم میکرواکنامک استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اس معاشی کامیابی کے لیے خون پسینہ بہایا، ہم 2023 میں آئی ایم ایف سے معاہدےکی سرتوڑ کوشش کررہےتھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اور اتحادیوں نے فیصلہ کیاکہ ہم اپنی سیاست کو قومی مفاد پرقربان کردیں گے، ہم نے فیصلہ کیا ریاست اکو بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
مزید پڑھیں؛ شہباز شریف کا عمران خان کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ، بانی پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت قرار
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو نہ ہونے کے لیے خطوط لکھے گئے تھے، یہ بات ریکارڈ کی ہے کہ خطوط میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف معاہدہ نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس سےبڑی زیادتی کیا ہوسکتی ہےلیکن مالک کو منظور تھاآئی ایم ایف پروگرام کی منظوری ہوئی۔