جمعرات,  02 جنوری 2025ء
مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے چیئرمین کا ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عزم
مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے چیئرمین کا ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عزم

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے چیئرمین حاجی صادق خان ادوزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کا مقصد مظلوم عوام کی خدمت، شعور کی بیداری اور ان میں احساس محرومی کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان تفریق کو ختم کیا جائے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

این پی سی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حاجی صادق خان ادوزئی نے مزید کہا کہ ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہے اور ہم پاک فوج کو وطن کی سلامتی اور دفاع کی ضامن سمجھتے ہیں۔ اگر دشمن نے وطن عزیز کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی کوشش کی تو ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہمارے خلاف بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہماری کسی بھی ادارے کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ہے اور ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔

اس موقع پر پارٹی کے ترجمان مسعود درانی نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد کی شدید ضرورت ہے اور ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، روزگار اور امن و امان کی بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور ہم پاکستان کے ہر مظلوم کے ساتھ ہیں، چاہے وہ ملک کے کسی بھی حصے میں ہو۔

مزید پڑھیں: مانچسٹر میں ‘Seek2Change’ کی لانچنگ، عالمی امن کی تحریک کا آغاز

مسعود درانی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے کا احترام کیا جاتا ہے اور کسی بھی ملک میں اپنے فوج اور اداروں کے خلاف بات کرنا ممکن نہیں ہے۔ ضلع کرم میں امن و امان کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

حاجی صادق خان ادوزئی اور ان کے پارٹی ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی تعمیر اور ترقی کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور پاکستان کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

مزید خبریں