کرم (روشن پاکستان نیوز)کے معاملے پر امن جرگہ کل منگل کو پھر منعقد ہو گا ،عمائدین مسودے پر دستخط کرنے پر راضی ہو گئے ہیں جس کے بعد امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان ہے۔
امن جرگہ تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکا ہے کیونکہ ایک فریق کے عمائدین نے امن معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے۔ حکومتی اراکین اور عمائدین ایک بار پھر سر جوڑ کر بیٹھیں گے، امن جرگے میں تنازع کے حل کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں؛ کرم تنازع: کوہاٹ گرینڈ جرگے میں اہم پیشرفت، مشران نے معاہدے پر دستخط کردیے
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک فریق نے مشاورت کیلئے وقت مانگا تھا تاہم اب امن معاہدے کے مسودے پر دستخط کے لیے عمائدین کو راضی کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پشاور تا پاراچنار مرکزی شاہراہ ڈھائی ماہ سے زائد عرصہ سے بند ہے۔ پاراچنار سمیت اپر کرم کے کئی دیہات کے لوگوں کو خوراک اور ادویات کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔