بدھ,  01 جنوری 2025ء
پریس کانفرنس کروا کر جنہیں چھوڑا گیا وہ بھی 9 مئی کے منصوبہ سازوں میں شامل ہیں، حنیف عباسی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ( ایم این اے ) حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پریس کانفرنس کروا کر جنہیں چھوڑا گیا وہ بھی 9 مئی کے منصوبہ سازوں میں شامل ہیں۔

اتوار کے روز راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنما حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام اس قوم کا ہے اور ملک کیخلاف سازش پر نظر رکھنی ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعے کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا اور پریس کانفرنس کروا کرجنہیں چھوڑا گیا وہ بھی منصوبہ سازوں میں شامل ہیں۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شام اور عراق ماڈل پر پرکھا جا رہا ہے، بڑے عرصے سے سول نافرمانی کی بات ہورہی ہے، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج اور امداد نہ دینے کے خطوط لکھے گئے جبکہ لابنگ فرم ہائر کے کانگریس مین کے ذریعے حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔

مزید پڑھیں؛ راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد ملزمان گرفتار

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی تھی تو کچھ لوگ پاکستان پر حملہ آور تھے اور 26 نومبر کو پاکستان پر حملہ کر کے ملک کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان جیسا ملک بھی آنکھیں دکھا رہا ہے اور پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹس اس سب پر شادیانے بجا رہے ہیں۔

مزید خبریں