بدھ,  01 جنوری 2025ء
استحکام پاکستان پارٹی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی: چوہدری عبدالرؤف

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے مرکزی سیکرٹری فنانس اور صدر اسلام آباد زون چوہدری عبدالرؤف نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور معیشت کی مضبوطی کی ضامن جماعت صرف استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) ہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان ملک کے معمار اور اس کی تعمیر و ترقی کی علامت ہیں، جن کی قیادت میں پارٹی ملک بھر میں اپنی ممبر شپ بڑھانے جا رہی ہے۔

چوہدری عبدالرؤف نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، اور انشاء اللہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کرنے پر یقین رکھتی ہے اور آئی پی پی حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔ پارٹی آئندہ عام انتخابات میں ملک کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے منشور پر لڑے گی۔

چوہدری عبدالرؤف نے مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے اور صحت و تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی وطن عزیز کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر طرح سے ملک و قوم کی خدمت کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت اور تحریک پاکستان میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی شخصیت سے ہمیں اتحاد و یگانگت کے ساتھ ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت ملتی ہے، اور ان کے رہنما اصول ایمان، اتحاد، تنظیم اور یقین محکم آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا اعلان لاتعلقی ، عمران خان سے ملاقات تک کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا ، فواد چوہدری

چوہدری عبدالرؤف نے پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے حوالے سے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کرنے کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کرسمس کے تہوار کے موقع پر کہا کہ یہ تہوار امن، بھائی چارے، محبت اور خوشی کا پیغام دیتا ہے۔ ہم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں اور آئندہ بھی انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے کیونکہ وہ بھی اتنے ہی محب وطن پاکستانی ہیں جتنا کوئی اور۔

چوہدری عبدالرؤف کے اس عزم اور حب الوطنی کے پیغام سے استحکام پاکستان پارٹی کے عزم کی جھلک نظر آتی ہے کہ وہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

مزید خبریں