اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہم نے حکومتی کمیٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کیا، حکومت کے سامنے 3 شرائط رکھی گئی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ مذاکرات کیلئے کوئی ضامن نہیں ، بانی پی ٹی آئی پر مقدمات سیاسی ہیں ، ہم نے کل گرفتار افراد کی رہائی کی بات کی ہے۔ اس کے علاوہ 9 مئی اور 24 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آزاد عدلیہ اور ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ملٹری کورٹ میں سویلینز کے کیسز کی اجازت دینا افسوس ناک ہے۔
مزید پڑھیں؛ پی ٹی آئی نے مذاکرات میں عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سویلینز کے کیسز ملٹری کورٹ میں سننے کے فیصلے پر مایوسی ہوئی۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے ، تحریک انصاف کے کسی کارکن نے ایک گملا تک نہیں توڑا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر اتنے کیسز بنائے گئے ہیں کہ اہم مقدمات کی اہمیت ہی ختم ہو گئی ہے۔ پارلیمنٹیرینز پر دہشتگردی، قتل اور غداری کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔