هفته,  21 دسمبر 2024ء
9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ہونی چاہیے، وفاقی وزیر اطلاعات

لاہور(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں 25 ملزمان کو سزائیں سنا دی گئیں۔ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم احسان بھولنے والے لوگ نہیں ہیں۔ اور جس نے احسان کیا ہم اس کا احسان ساری زندگی یاد رکھتے ہیں۔ وعدوں کی تکمیل شروع ہوچکی ہے۔ اور ایسا نہیں کہ ہمیں آپ کی مشکلات کا اندازہ نہیں ہے۔ بلکہ مسائل کے حوالے سے ہمیں ہر روز رپورٹس ملتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے۔ اور ملک میں اربوں ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو فائدے مل رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں عوامی مسائل حل ہوئے۔ اور اب بھی مسلم لیگ ن کے دور میں عوام مسائل حل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

9 مئی واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کر کے دشمن کے ہاتھ مضبوط کیے گئے۔ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تشدد کی سیاست کو فروغ دیا۔ بانی پی ٹی آئی پر کرپشن سمیت مختلف مقدمات ہیں۔ جبکہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔ اور پرتشدد واقعات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج 9 مئی مقدمات کے 25 ملزمان کو سزائیں سنا دی گئیں۔ لیکن 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ہونی چاہیے۔ ملک دشمن عناصر نے 9 مئی کو دفاعی تنصیبات پر حملے کیے۔ جبکہ تنصیبات پر ایسے حملے پہلے کبھی نہیں کیے گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی اختلاف دلیل اور بات چیت کے ساتھ ہوتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تشدد کی سیاست کا راستہ دکھایا۔ اور سیاست میں تفریق اور نفرت ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھرپور محنت کی۔ جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ سیاسی دہشتگردوں نے سیاست کا لبادہ اوڑھ کر دہشتگردی کی۔ آج انصاف ملا ہے اور اس حوالے سے کوئی نہیں بچے گا۔

مزید خبریں