راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز ) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 32 مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کر لیں۔
بشریٰ بی بی 26 نومبر سے متعلق راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے مختلف تھانوں میں درج 32 مقدمات میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئیں۔
بشریٰ بی بی کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے اور عبوری ضمانت کی درخواست پر دلائل دیئے جو عدالت نے منظور کر لیے، بشریٰ بی بی کی جانب سے ضمانتی مچلکے بھی جمع کرائے گئے۔
مزید پڑھیں ؛اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ محفوظ
بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتیں 13 جنوری تک منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 9 مئی سمیت احتجاج کے تمام 32 مقدمات میں خود کو سرنڈر کردیا۔
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اے ٹی سی راولپنڈی میں پیش ہوئیں، بشریٰ بی بی کی گاڑی کو انسداد دہشت گردی عدالت کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک نے 32 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر دی تھیں۔