کراچی (روشن پاکستان نیوز)میں جام صادق پل پر کھڑے ہوئے ٹرالر سے موٹر سائیکل ٹکرانے سے باپ اور 3 سالہ بچہ جاں بحق ہوگئے جبکہ خاتون محفوظ رہیں۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر میاں بیوی اور ان کا 3 سالہ بچہ کورنگی اللّٰہ والا ٹاؤن سے پنجاب چورنگی کے قریب دہلی کالونی میں واقعے اپنے گھر واپس آرہے تھے۔
مزید پڑھیں؛ ٹرانسپورٹرز نے کراچی کو جام کرنے کی دھمکی دے دی
اس دوران جام صادق پل کے قریب کھڑے ہوئے ٹرالر سے ٹکرا گئے، حادثے میں باپ اور 3 سالہ بچہ زخمی ہوا جبکہ خاتون محفوظ رہیں۔
زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر باپ اور بچہ دوران علاج دم توڑ گئے جن کی شناخت رضوان 49 سالہ اور روحان 3 سالہ سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرالر خراب ہوگیا تھا تو اس کا ڈرائیور روڈ پر ہی بند کرکے چلا گیا تھا، اندھیرا ہونے کی وجہ سے ٹرالر متوفی رضوان کو موٹر سائیکل چلاتے ہوئے نظر نہیں آیا اور وہ اس سے ٹکرا گیا۔
پولیس ٹرالر ڈرائیور کو تلاش کررہی ہے،جبکہ جاں بحق باپ اور بیٹے کی لاشیں جناح اسپتال میں ضابطے کی کارروائی کےبعد ورثا کے حوالے کردی جائے گی۔